کراچی(این این آئی) آئی ایم ایف معاہدہ طے ہونے کے بعد ایک ارب ڈالر سے زائد کی قسط کے اجرا اور عالمی بینک و ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بھی مزید فنڈ جاری ہونے کی توقعات پر انٹربینک مارکیٹ میں منگل کوڈالر کی
قدر تنزلی سے دوچار رہی۔آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہونے کے بعد دسمبر کے اختتام تک 500 ملین ڈالر کے بجائے ایک ارب ڈالر سے زائد کی قسط جاری ہونے کے ساتھ عالمی بینک و ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بھی مزید ڈیڑھ ارب ڈالر کا فنڈ جاری ہونے کی توقعات پر انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کی قدر اتارچڑھا کے باوجود تنزلی سے دوچار رہی۔منگل کو کاروبار کے آغاز پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 28 پیسے کے اضافے سے 175 روپے سے تجاوز کرگئے تھے، لیکن کچھ ہی دیر بعد طلب میں کمی کی وجہ سے ڈالر کی قدر دوبارہ 175روپے سے نیچے آگئی جس کے نتیجے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 47 پیسے کی کمی سے 174 روپے 30 پیسے پر بند ہوئی۔اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10 پیسے اضافے سے 177 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔