کراچی(آن لائن)انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کاروباری ہفتے کے آغاز میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 47 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر
175.24 سے کم ہو کر 174.77 روپے پر بند ہوا ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تجارتی خسارہ بڑھنے پرروپیہ دباو کا شکار ہے، درآمدی ادائیگی پر ڈالر کی طلب دیکھی جارہی ہے۔ہفتے کے آخری روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 83 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے سے پاکستان پر واجب الادا بیرونی قرضوں کی مالیت میں بھی بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔سینیٹ میں پیش کی گئی اندرونی و بیرونی قرضوں کی تفصیلات کے مطابق جون 2018 میں ملک کے اندرونی قرضے 16.4 ٹریلین تھیجبکہ اگست 2021 تک اندرونی قرض 26 ہزار ارب روپے سے بڑھ گئے۔اس کے علاوہ بیرونی قرض میں بھی ساڑھے 6 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، جون 2018 میں بیرونی قرض ساڑھے 8 ہزار ارب روپے تھا جبکہ اگست 2021 تک بیرونی قرض ساڑھے 14 ہزار ارب سے تجاوز کر گیا تھا۔قرضوں کی مالیت میں اضافہ پہلے سے خستہ حال ملکی معیشت پر ناقابل برداشت بوجھ ہے۔