کراچی(این این آئی)ڈیری مافیا نے 8 نومبر سے دودھ 10 روپے لیٹر اضافے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیری مافیا نے 8 نومبر سے دودھ 10 روپے لیٹر اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد دودھ کی قیمت 130 روپے سے بڑھ کر 140 روپے فی لیٹر
ہوجائے گی۔ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے مطابق دودھ کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، دو ماہ بعد فی لیٹر قیمت میں مزید 30 روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمت کے تعین کے حوالے سے قائم کمیٹی کے سفارشات مرتب ہونے سے پہلے ہی اضافہ غیر قانونی ہے، کمشنر کراچی کی زیرِ صدارت 25 اکتوبر اور 4 نومبر کو متعلقہ ایسوسی ایشنز کے اجلاس منعقد ہوچکے ہیں، 4 نومبر کو ڈیری فارمرز ہول سیلرز اجلاس میں تخمینہ مرتب کرنے کے لیے کمیٹی بنادی گئی تھی۔ماہرین کے مطابق تکنیکی لحاظ سے موسم سرما میں اضافہ نہیں بنتا، سردیوں میں دودھ کی کمرشل کھپت کم ہو جاتی ہے، آئس کریم، لسی، قلفی، کھیر، فالودہ اور دودھ سے تیار ٹھنڈی چیزوں کی فروخت گر جاتی ہے، سردیوں میں بھینس کے دودھ کی مقدار میں بھی 25 فیصد اضافہ ہوجاتا ہے، موسمِ سرما میں دودھ کے عارضی اسٹال اور دکانیں لگاکر دودھ سستا فروخت کیا جاتا ہے، درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے دودھ خراب نہیں ہوتا اور ٹرانسپورٹ آسان ہو جاتی ہے، دور دراز سے بھی دودھ منڈی میں آنے لگتا ہے۔