لاہور، دبئی (آن لائن ، این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ قومی ٹیم کے مستقل ہیڈ کوچ کے لیے غیر ملکی کوچ کو لانے کا ارادہ رکھتا ہے۔میڈیا رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوے کہا گیا ہے کہ قومی ٹیم کا مستقل ہیڈ کوچ غیر ملکی ہوگا اور چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ غیر ملکی کوچ کی تلاش کا معاملہ خود دیکھ رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے
سابق ٹیسٹ کرکٹر گیری کرسٹن شارٹ لسٹ میں سرفہرست ہیں جب کہ سابق آسٹریلوی بیٹسمین سائمن کیٹچ کا نام بھی ہیڈ کوچ کے لیے زیر غور ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کو انگلینڈ کے سابق کوچ پیٹر موریس کے نام میں بھی دلچسپی ہے اور پیٹر موریس کا پی ایس ایل فرنچائز کے ساتھ معاہدے کا امکان ہے۔واضح رہیکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ثقلین مشتاق عبوری ہیڈ کوچ ہیں جب کہ ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن بیٹنگ کنسلٹنٹ اور ورنن فلینڈرکوبولنگ کنسلٹنٹ مقررکیاگیا ہے۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے افغانستان کے خلاف میچ کے کمبی نیشن پر بات کرنے سے انکار کردیا۔میڈیا سے گفتگو میں ثقلین مشتاق نے کہا کہ کامیابی سے امیدیں بڑھ جاتی ہیں اور اعتماد میں اضافہ ہوجاتا ہے، جیت کے بعد پلان پرعمل در آمد کرنا آسان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم بڑے اچھے انداز سے درست سمت میں بڑھ رہی ہے، اسکواڈ کے تمام ارکان ایک ساتھ مل کر ایک سوچ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
عبوری ہیڈ کوچ نے کہا کہ میتھیو ہیڈن اور فلینڈر کا بطور بیٹنگ اور بولنگ کنسلٹنٹ اہم رول ہے، کھلاڑی انجوائے کررہے ہیں، جیسا وہ چاہتے ہیں وہ کھیل رہے ہیں۔اْنہوں نے کہاکہ جھنڈا لگانا اور اٹھانا متحرک کرنے کے لیے ہے، یہ پورے ملک کی ٹیم ہے یہ جھنڈا 22 کروڑ عوام کا ساتھ ہونا یاد دلاتا ہے۔ثقلین مشتاق نے اس موقع پر ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے اگلے حریف افغانستان کے میچ سے متعلق کمبی نیشن پر بات کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ ٹیم کمبی نیشن کے حوالے میں کوئی بات نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ حریف ٹیم کوئی بھی ہو، ہم پرائیڈ کے مطابق کھیلیں گے۔