لاہور ، اسلام آباد (آن لائن، این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واضح کیا ہے کہ لاہور سے روانہ ہونے والا تحری کا مارچ اسلام آباد جاتے ہوئے جن جن علاقوں سے گزرے گا وہاں وہاں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کردی جائے گی۔ پی ٹی اے ترجمان کے
مطابق لاہور میں بیشتر علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز بحال کی جا چکی ہے جبکہ صورتحال بہتر ہونے پر مزید علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کردی جائے گی۔دوسری جانب تحریک کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد متحدہ عرب امارات سے واپس وطن پہنچ گئے ۔ ذرائع کے مطاق شیخ رشید احمد ایئربلیو کی پرواز پی اے 213 پر شارجہ سے اسلام آباد پہنچے ،شیخ شید احمد پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے گئے تھے،موجود صورتحال کے پیش نظر شیخ رشید احمد کو اچانک واپس آنا پڑا۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو احتجاجیوں سے محفوظ رکھنے کیلئے دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی گئی ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب، آزادکشمیر اور کے پی کے سے پولیس کے30ہزارجوان مانگے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب، کے پی کے اور کشمیر سے10،10 ہزار جوان و افسران طلب کئے گئے ہیں، تینوں صوبوں کو نفری کے ساتھ دنگافساد سے نمٹنے کا سامان بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، وفاقی وزارت داخلہ نے نفری اسلام آباد پہنچانے کیلئے تینوں سیکرٹریز کو مراسلے بھجوادئیے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کو مظاہرین سے ہرصورت محفوظ رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔