لاہور(این این آئی)قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے صدر رکشہ مینوفیکچرر ایسوسی ایشن میاں اسد حمید نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ غضب خدا کا! رکشہ غریب کی سواری ہے،
یہ نہ صرف شہر بلکہ دیہات میں بھی چلائی جاتی ہے، مینوفیکچرنگ فیس 10 ہزار سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دینے سے بے روزگاری میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ان سب کو بھی احساس پروگرام پر لگا دیا جائے انہیں خود کمانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر حکومت اس اضافے کو واپس لے اور غریبوں کی دعائیں لے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ رکشہ دیہاڑی دار طبقہ کیلئے روزگار کا سب سے بڑا وسیلہ ہے، شہروں اور خاص طور پر دیہات میں روزگار کے مواقع کم ہونے کی وجہ سے رکشہ کا استعمال زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو روزگار دینے کی بجائے ان سے روزگار چھینا جا رہا ہے، مینوفیکچرنگ فیس میں کئی ہزار گنا اضافہ سے غربت میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔ رکشہ مینوفیکچرر ایسوسی ایشن کے صدر میاں اسد حمید نے کہا کہ فیس میں اضافہ سے رکشہ رجسٹریشن کا عمل بند ہو گیا ہے جس سے لاکھوں افراد بے روزگاری کا شکار ہیں۔