لاہور( این این آئی) جنرل ہسپتال سولر سسٹم پر چلنے والا پنجاب کا پہلا شفا خانہ بن گیا جہاں ایک میگا واٹ کے سولر پینل نے کام شروع کرنے سے سالانہ 3کروڑ80لاکھ روپے کی بچت کی جا سکے گی اور یہ رقم مریضوں کے علاج معالجہ پر خرچ ہو گی جبکہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے
جنرل ہسپتال میں سولر سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر جیل خانہ جات و امور ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان ، پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق،محکمہ توانائی کے افسران اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر جس فرض شناسی اور محنت سے کام کر رہے ہیں وہ حکومت اور عوام کا اثاثہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مرحلہ وار صوبے کے سرکاری طبی اداروں کو سولر سسٹم پر منتقل کر رہی ہے جس کا آغاز لاہور جنرل ہسپتال سے کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر اختر ملک کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں سرکاری اداروں،میڈیکل کالجز ،دیگر تعلیمی اداروں اور دفاتر کو بھی سولر سسٹم پر شفٹ کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سولر انرجی کو فروغ دیا جاسکے ، بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد مل سکے اور سالانہ اربوں روپے کے اخراجات میں کمی واقع ہو سکے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اختر ملک اور فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو اندھیروںسے نکالنے کیلئے جس منشور کا اعلان کیا تھا اُس پرتیزی کے ساتھ عملدرآمد ہو رہا ہے اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ تمام حکومتی مشینری عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متحرک ہے اور اس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ پروفیسر الفرید ظفرنے ایل جی ایچ میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی کورونا وائرس کی شدت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس کے باوجود ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر فرنٹ فٹ پر رہ کر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران و دیگر انتظامی ڈاکٹر ز بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔ اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہسپتالوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنا انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس سے مریضوں کو علاج معالجے اور اُن کی جانیں بچانے میں خاطر خواہ مدد حاصل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے قومی وسائل کی بچت کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے ۔