ممبئی (این این آئی) اداکار سدھارتھ شکلا کی موت نے بھارتی اداکارہ و گلوکارہ جیسلین متھارو کو ہسپتال پہنچا دیا ہے۔خیال رہے کہ سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد جیسلین ان کے گھر گئی تھیں اور وہاں سے واپسی پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر
جاری ویڈیو پیغام میں اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا، اس ویڈیو پیغام پر اداکارہ کو بڑی تعداد میں منفی تبصروں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اب جیسلین متھارو نے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں وہ اسپتال کے بستر پر لیٹی ہیں اور ان کی طبیعت ناساز ہے۔اداکارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کر نے کے بعد ان کی طبیعت ناساز ہو گئی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ سدھارتھ شکلا کی موت پر ویڈیو کے بعد بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں کہا کہ تم بھی مرجائو جس کی وجہ سے وہ صدمے کی کیفیت میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منفی تبصروں کی وجہ سے ہسپتال میں ہوں لیکن جلد صحتیاب ہوکر ہسپتال سے گھر منتقل ہوجائونگی ۔