اسلام آباد(این این آئی )کورونا کے باعث بڑھتی ہوئی بے روز گاری روکنے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے نو ارب نوے کروڑ کی لاگت سے پانچ سالہ پروگرام سکلنگ یوتھ فار انکم جنریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اکنامک گروتھ
سٹریٹجی کے تحت ،پنجاب حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے سکلنگ یوتھ فار انکم جنریشن پانچ سالہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔نو ارب 90 کروڑ کی لاگت سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں بے روزگار نوجوانوں کو مختلف کورسز کروائے جائیں گے۔منصوبے کے تحت ہر سال پانچ لاکھ 50 ہزار نوجوانوں کو کورسز افر کیے جائیں گے اور ٹیکنیکل ٹریننگ دی جائیں گی،پہلے چار سال میں ہر سال منصوبے کو دو ارب کی فنڈنگ کی جائیگی،منصوبے کے پانچویں سال ایک ارب 90 کروڑ کی فنڈنگ کی جائیگی۔منصوبے کا مقصد بیروزگاری کا خاتمہ اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہے ،سکلنگ یوتھ فار انکم جنریشن پروگرام کے تحت خواجہ سرائوں اور غیر مسلم نوجوانوں کو امید پروگرام میں 12 ہفتوں کے بیوٹیشن کورسز کروائے جائیں گے۔آغاز پروگرام کے تحت چھوٹے کاروبار کے آغاز کے حوالے سے 14 ہفتوں کے ٹریننگ کورسز کروائے جائیں گے،ہریالی کورس کے تحت دودھ اور گوشت کی پروڈکشن بڑھانے کے حوالے سے چھ ہفتے پر مشتمل ٹریننگ کورسز افر کیے جائیں گے ،ماہر کورس کے تحت انڈسٹریز میں ورکنگ کے لیے نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ کورسز کروائے جائیں گے۔