لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) میٹروپولیٹن پولیس نے کہاہے کہ اس کا سفارتی تحفظ سے متعلق یونٹ پاکستانی ہائی کمیشن پر 23 مئی کو افغان مظاہرین کی جانب سے کی جانے والی غنڈہ گردی اور توڑ پھوڑ سفارت خانے کی عمارت پر پانی کی بوتلیں پھینکنے اور پتھرائو کے واقعےپر پاکستانی
ہائی کمیشن کے تحفظات دور کررہی ہے۔روزنامہ جنگ میں مرتضیٰ علی شاہ کی شائع خبر کے مطابق پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ہم سفارت خانے کے تحفظات دور کرنے کیلئے براہ راست ان کے ساتھ رابطے میں ہیں،انھوں نے کہا کہ ہم سفارت خانے کے باہر آپریشنل سیکورٹی کے بارے میں بات نہیں کریں گے ،دوسری جانب برطانوی حکومت کے ایک ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ اسے پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے شکایت موصول ہوئی ہے جس میں 23 مئی کے واقعے کی جس میں لوگوں کے ایک بڑےگروپ نے جس میں شامل افراد افغانستان کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے نائٹس برج میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر جمع ہو ئے انھوں نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے اور افغان امن عمل کی مذمت کی تھی، پوری تفصیل موجود ہے،یہ مظاہرین کویت کے سفارت خانے کے سامنے بھی جمع ہوئے تھے۔حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ برطانیہ میں پاکستان کے سفارتی مشنز کی سیکورٹی برطانوی حکومت کیلئے بڑی اہمیت رکھتی ہے، حکومت کے ترجمان کا مزید کہناہے کہ وہ ہائی کمیشن کے تحفظات کے حوالے سے میٹروپولیٹن پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے۔