اسلام آباد(آن لائن/مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا وجود خطرے میں پڑنے سے پہلے فسطائیت کا راستہ روکنا ہوگا۔ اپنے ایک ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ حامد میر پر تازہ ترین وار ہو، سلیم شہزاد کا قتل، ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ،
مطیع اللہ جان اور گل بخاری کا اغوا یا احمد نورانی، اسد طور، عمر چیمہ، بلال فاروقی اور اعزاز سید کو زد و کوب کرنا، اس سے پہلے کہ فسطائیت پاکستان کا وجود خطرے میں ڈال دے، ہمیں اس کا راستہ روکنا ہو گا۔قبل ازیں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سینئیراینکر پرسن حامد میر کے پروگرام کو بند کرنے پر تبصر ہ کرتے ہوئے کہا کہ حامد میر صاحب کے پروگرام پر پابندی لگانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اپنے لیے مزید مشکلات اور مسائل کو جنم دینا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ اس سے آگ بجھے گی نہیں بلکہ مزید بھڑکے گی۔ مگر کون سمجھائے؟۔خیال رہے کہ جنگ ، جیو کے صحافی حامد میر نے اپنے اوپر لگنے والی پابندی سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے لئے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے مجھ پر پہلے بھی دو دفعہ پابندی لگ چکی ہے ،2دفعہ ملازمت سے بھی ہاتھ دھونا پڑے ،اس وقت میں کسی بھی نتائج کے لئے تیار ہوں اور کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوں کیونکہ وہ میرے اہل خانہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔