اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے صحافی و یو ٹیوبر اسد طور کو طلب کر لیا ہے، اسد طور کو جاری کئے گئے نوٹس میں ایف آئی اے نے کہا ہے کہ فیاض محمود نامی ایک شہری کی جانب سے آپ کے خلاف ملکی اداروں
کو بدنام کرنے سے متعلق شکایت پر انکوائری کی جا رہی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں مزید کہناہے کہ موجودہ حقائق کے مطابق آپ اس صورتحال سے متعلق واضح طور پر آگاہ ہیں، لہذا آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آپ4 جون کو ایف آئی اے سائبر کرائم آفس راولپنڈی میں پیش ہوکر خود پر لگائے گئے الزامات سے متعلق جواب دیں، اگر آپ نے اس نوٹس کا جواب نہیں دیا تو آپ کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے صحافی اسد طور کو تشد د کا نشانہ بنایا جس پر صحافی نے اس حملے کا الزام ملکی سکیورٹی اداروں پر لگا دیا۔