پشاور(مانیٹرنگ +آن لائن)وزیر لائیو اسٹاک پنجاب حسنین دریشک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک بات کرناچاہوں گا کہ جہانگیر ترین کے گروپ سے عثمان بزدارکو کوئی خطرہ نہیں ہے، بزدار صاحب چیف منسٹر ہیں اور اللہ تعالیٰ نے جب تک انہیں عزت دی ہے وہ ضرور وزیراعلیٰ رہیں گے اور یہ چیزیں عارضی ہوتی
ہیں دائمی اقتدار صرف اللہ تعالیٰ کا ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو کسی سے خطرہ ہے تو فیصل واوڈا جیسے فضول اور گھٹیا انسانوں سے ہے جس کو جوتے پڑنے چاہئیں اور میں حیران ہوں کہ ا ب تک اس کو جوتے کیوں نہیں پڑے۔ دوسری جانب چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ امن ترقی پارٹی قانون شکنی اور آئین کی پامالی کرنے والے عوامی نمائندوں کو برداشت نہیں کرے گی، ان کا سخت عوامی، قانونی اور اخلاقی محاسبہ کیا جائے گا، جھوٹ، فریب اور عوام کو دھوکہ دینے والے مجرم ہیں انہیں معافی کی گنجائش نہیں ملنی چائیے، الیکشن کمیشن فیصل واوڈا جیسے آئیں قانون اور اخلاقیات کو پامال کرنے والے نمائندوں کو نااہل قرار دے تاکہ ایک معیاری اور دیانتدار قیادت قوم کو ملے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ حکومتی ٹیم تذبذب اور زوال کا شکار ہے، جس کی وجوہات قول و فعل میں تضاد ہے وعدوں اور دعوؤں پر زیادہ دیر حکمرانی نہیں کی جا سکتی، تمام ادارے زوال کا شکار ہیں اور حکمران من پسند لوگوں کو نواز رہی ہے رنگ روڈ کا واقعہ ہو یا بڑے سکینڈلز وزیراعظم کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور طریقہ انتخاب پر جامع اصلاحات کی عوامی حمایت کریں گے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنے مفادات میں الجھی ہوئی ہے اصل اپوزیشن کا کردار ہم ادا کر رہے ہیں عوامی مفاد میں بڑے فیصلے کئے جائیں گے۔