اسلام آ باد (نیوز ڈ یسک )اسلام آباد کچہری میں ہونے والے خودکش حملے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے اور سیکیورٹی اداروں نے ایک اور مبینہ سہولت کار کو گرفتار کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق زیرِ حراست شخص نے حملہ آور کو مختلف طریقوں سے مدد فراہم کی تھی۔ انٹیلیجنس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اس درزی کو بھی پکڑ لیا ہے جس نے حملے کے لیے تیار کی جانے والی جیکٹ کی سلائی میں حصہ لیا تھا۔تفصیلات کے مطابق یہ خودکش جیکٹ پشاور میں تیار ہوئی، جہاں اس میں بارودی مواد بھی شامل کیا گیا۔
گرفتار سہولت کار جیکٹ کو گڑ کی بوری میں چھپا کر پشاور سے لے آیا اور اسے پہلے تین دن تک ایک درخت کے نیچے چھپا کر رکھا۔ اس کے بعد کچھ مدت تک جیکٹ درزی کے پاس بھی رہی، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ درزی کو معلوم تھا کہ یہ جیکٹ دہشت گرد حملے میں استعمال ہونی ہے۔مزید معلوم ہوا ہے کہ مرکزی سہولت کار کی گرفتاری کے بعد تفتیشی عمل میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنی ابتدائی بیان میں فتنۃ الخوارج نامی گروہ سے رابطوں کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔















































