لاہور( این این آئی)گرو نانک کی جنم دن کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آکر مسلمان شخص سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون سکھ یاتری سربجیت کور کو ویزا ختم ہونے کے باعث ممکنہ طور پر واپس بھارت بھیجا جاسکتا ہے تاکہ وہ اسپائوس ویزا پر واپس آسکیں گی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 13 نومبر کو آنے والے بھارتی سکھ یاتری اپنے ملک واپس روانہ ہو گئے تھے لیکن سربجیت کور لاپتہ ہو گئی تھی، بعد میں معلوم ہوا کہ انہوں نے 4 نومبر کو اپنے آنے کے ایک دن بعد شیخوپورہ کے ناصر حسین سے شادی کر لی تھی،سربجیت کور کامسلمان ہونے کے بعد نام نور رکھا گیا ۔
جب سکھ یاتری اسی دن ننکانہ صاحب گئے تو کور نے اجتماع میں شرکت نہیں کی اور ناصر حسین کے ساتھ شیخوپورہ پہنچ گئیں۔شیخوپورہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال ظفر نے بتایا کہ سربجیت کور نے ایک مسلمان شخص سے شادی کر لی تھی۔انہوں نے کہا کہ دونوں لوگ لاپتہ ہیں اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ امکان نہیں ہے کہ یہ جوڑا کسی خفیہ ایجنسی کی تحویل میں ہے۔میڈیا رپورٹ میں ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سربجیت کور کو ممکنہ طور پر بھارت واپس بھیج دیا جائے گا اور انہیںبعد میں اسپائوس ویزا پر دوبارہ یہاں آنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔























