اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا پروٹوکول دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، وزیراعظم عمران خان شاہانہ پروٹوکول کے مخالف ہیں، وہ اپنے ساتھ پروٹوکول میں درجنوں گاڑیوں کے بجائے صرف سات آٹھ گاڑیوں کے ساتھ اسلام آباد میں آتے جاتے رہے۔ جب سے عمران خان وزیراعظم بنے ہیں، وہ کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، کابینہ اجلاس میں شرکت کے لیے جب وزیراعظم عمران خان پہنچے تو ان کے ہمراہ نہ ہی ہوٹر بجاتی ہوئی گاڑیاں تھیں اور
نہ ہی وزیراعظم کی شان و شوکت والا بڑا قافلہ، وہ ایک محدود سے قافلے کے ساتھ کابینہ اجلاس میں پہنچے۔ جس نے بھی یہ قافلہ دیکھا وہ داد دیے بغیر نہ رہ سکا۔ واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صدر، وزیراعظم اور اراکین اسمبلی کا صوابدیدی فنڈ ختم کر دیا گیا اس کے علاوہ وزیر اعظم پر بھی دوروں پر جاتے وقت خصوصی طیارہ استعمال کرنے کی پابندی عائد کر دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم سمیت تمام اعلیٰ حکام فرسٹ کلاس کی بجائے کلب کلاس میں سفر کیا کریں گے۔