اسلام آباد(آن لائن)جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ کسی کو کندھا دینے کی بجائے نظریاتی لڑائی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کے فیصلے کے بعد جماعت اسلامی نے بھی متحدہ مجلس عمل کو چھوڑ کر الگ سے اپنا فیصلہ کر لیا کہوہ وزارت عظمیٰ کے انتخابات میں حصہ نہیں لے گی۔ جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق
مجلس شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی عمران خان یا شہباز شریف میں سے کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دے گی اور جماعت اسلامی کے ایم این اے عبدالاکبر ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیں گے۔ جماعت اسلامی کسی کو کندھا دینے کی بجائے اپنی نظریاتی لڑائی لڑے گی۔ جماعت اسلامی کے اس اعلان کے بعد ایم ایم اے میں بھی دراڑیں واضح ہو گئی ہیں اور متحدہ مجلس عمل بھی ٹوٹتی نظر آ رہی ہے۔