ن لیگ نے پنجاب اسمبلی میں ایک اور سیٹ اپنے نام کر لی، دوبارہ گنتی میں تحریک انصاف کی معروف خاتون رہنما کو صرف 17 ووٹوں سے شکست کا سامنا لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹوبہ ٹیک سنگھ کے حلقہ پی پی 123 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نشست جیت لی ہے
اس طرح تحریک انصاف پنجاب سے اپنی ایک نشست سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔حلقہ پی پی 123 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید قطب علی شاہ دوبارہ گنتی سے صرف 17 ووٹوں کی برتری سے جیت گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 123 میں ن لیگ کے رہنما سید قطب علی شاہ نے انتخابات میں ہارنے کے بعد لاہور ہائی کورٹ سے دوبارہ گنتی کے لیے رجوع کیا ہوا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے پی پی 123 سے تحریک انصاف کی امیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ کا کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک لیا تھا لیکن جب اس حلقے میں دوبارہ گنتی کی گئی تو تحریک انصاف کی امیدوار ہار گئی اور ن لیگ کے سید قطب علی شاہ کامیاب قرار پائے۔ اس طرح ن لیگ کے امیدوار سید قطب علی شاہ نے 53122 ووٹ حاصل کیے اور تحریک انصاف کی امیدوار سیدہ سونیا علی رضاشاہ 53105 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، اس طرح صرف 17 ووٹوں کے فرق سے ن لیگ کے امیدوار جیت گئے۔ ان کی جیت کے بعد تحریک انصاف پنجاب اسمبلی کی ایک نشست سے محروم ہو گئی ہے۔