اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آج رات سال 2025 کا سب سے بڑا اور روشن چاند اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ آسمان پر نمودار ہوگا۔پاکستانی وقت کے مطابق سورج غروب ہونے کے کچھ دیر بعد یہ سال کا سب سے بڑا سپر مون آسمان پر طلوع ہوگا، جو عام دنوں کے مقابلے میں نہ صرف زیادہ چمکدار بلکہ بڑا بھی نظر آئے گا۔جب چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب آجاتا ہے تو وہ عام حالات کے مقابلے میں زیادہ واضح دکھائی دیتا ہے، اسی مظاہرے کو سائنس کی زبان میں “سپر مون” کہا جاتا ہے۔اس سے قبل رواں سال کا پہلا سپر مون 7 اکتوبر کو دنیا بھر میں دیکھا گیا تھا، جبکہ آج یعنی 5 نومبر کا چاند زمین سے صرف 3 لاکھ 56 ہزار 980 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس کم فاصلے کے باعث چاند اپنی معمول کی جسامت سے تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ہر سال عموماً تین سے چار بار سپر مون کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے، تاہم اس مظاہرے کی خاص بات یہ ہے کہ جب چاند افق کے قریب ہوتا ہے تو آنکھوں کو وہ اپنے حقیقی حجم سے کہیں زیادہ بڑا دکھائی دیتا ہے۔سائنسدانوں کے مطابق یہ بصری دھوکا اس وقت پیدا ہوتا ہے جب چاند کے قریب عمارتیں یا درخت نظر آتے ہیں، جس سے انسانی آنکھ چاند کو غیر معمولی طور پر بڑا محسوس کرتی ہے۔سپر مون کا بہترین نظارہ اُس وقت کیا جا سکتا ہے جب وہ طلوع ہونے کے بعد پہلے ایک گھنٹے کے دوران آسمان پر موجود ہو، کیونکہ اسی وقت اس کی چمک اور حجم سب سے نمایاں ہوتے ہیں۔رواں سال کے آخری سپر مون کا مشاہدہ 5 دسمبر کو کیا جائے گا۔















































