راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد منشیات کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں نااہل قرار دیدیا جس کے بعد وہ الیکشن کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق راولپنڈی کی انسداد منشیات کی عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی جس میں حنیف عباسی کے وکیل تنویر اقبال دلائل دئیے۔
عدالت نےتنویر اقبال کو دن بارہ بجے تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔گزشتہ روز حنیف عباسی کے وکیل نے دلائل کے لیے مزید وقت کی درخواست بھی کی تھی جس کو عدالت نے مسترد کردیا۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پہلے ہی انسداد منشیات کی عدالت کو حنیف عباسی کے خلاف ایفیڈرین کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دے رکھا تھا۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و امیدوار حلقہ این اے 60 محمد حنیف عباسی نے کہاہے کہ نواز شریف نے ملک کو عزت دینے کی خاطر جیل جانے کا فیصلہ کیا میں بھی جیل جانے کو تیار ہوں،( ن) لیگ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،کارکن ثابت قدم رہیں میرے اوپر ایفی ڈرین کا کیس گزشتہ سات سال سے چل رہا ہے اور میں پہلے دن سے عدالت میں پیش ہو رہا ہوں الیکشن سے قبل ایسے شخص کی درخواست پر دوبار ہ سماعت اور فیصلہ دینے کی تاریخ دے کر مجھے الیکشن سے باہر کرنے کی سازش کی جار ہی ہے ۔ راولپنڈی احاطہ کچہری میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمام سازشوں کے باوجود جیت شیر کی ہو گی انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے میرے خلاف کیس کا فیصلہ الیکشن سے قبل دینے کا مقصد لاڈلے اور پنڈی کے مداری کو کھلا میدان دینا ہے (ن) لیگ کسی کیلئے میدان کھلا نہیں رکھے گی ۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان سے ترقی کا راستہ روکنے کے خلاف سازش کی جا رہی ہے جسے پاکستان کی عوام ناکام بنا دیں گے ۔