پشاور (آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی ، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما معظم خان ہوتی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شامل ہوگئے ،شمولیتی اجتماع علاقہ لنڈاکے ہوتی میں منعقدہوا جس میں معظم خان ہوتی ان کے خاندان او رساتھیوں نے باقاعدہ اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا،پارٹی کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی ،حلقہ پی کے52کے امیدوارعلی خان ،
پارٹی کے صوبائی نائب صدر جاوید یوسفزئی ،ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی لطیف الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیرحیدرخان ہوتی نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو پارٹی کی سرخ ٹوپیاں پہنا ئیں اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔ معظم ہوتی نے کہاکہ تحریک انصاف جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ نہیں پانچ سال میں ایک بھی وعدہ پورانہیں کیا کارکنوں کو جائز مقام دینے کی بجائے ان کی عزت نفس مجروح کی گئی جبکہ ٹکٹ پیراشوٹ امیدوراوں اور جی حضوری کرنے والوں کو مل گئے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے سوچ سمجھ کر اے این پی میں شمولیت کا فیصلہ کیاہے اوراس پر آخری دم تک قائم رہوں گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ معظم خان ہوتی کے ساتھ ان کے خاندانی مراسم ہیں وہ کچھ عرصہ کے لئے ہم سے جدا ہوگئے تھے لیکن آج دوبارہ سرخ جھنڈے تلے باچاخان کے پیروکاروں میں شامل ہوگئے جس پر انہیں بے تحاشا خوشی ہوئی ہے، پختون بنی گالہ سے واپس اختیارات پختونخوا میں لاکر ثابت کریں گے کہ وہ باچاخانی چاہتے ہیں 25جولائی کے انتخابات پختون قوم کی بقاء کے لئے اہم ہیں عوام کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرناہوگا ،
جھوٹے دعوے اور وعدے کرنے والوں کو مسترد کرکے پختونوں کو سرخ جھنڈے تلے متحد ہوناہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ انسانیت کی بنیاد پر خدمت کی ہے اور دوبارہ اقتدار میں آ کر مرکز سے نیا این ایف سی ایوارڈ منظور کرائیں گے، ہسپتالوں اور سڑکوں سمیت دیگر ادھورے منصوبے مکمل کریں گے ، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ہمارے منصوبوں کے فنڈز بند کردیئے تھے لیکن ہم سیاسی انتقام لینے کی بجائے
ان کے منصوبوں کو سب سے پہلے فنڈزفراہم کریں گے اوردوسال کے اندر تمام ادھورے منصوبے مکمل کرکے دم لیں گے، انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے صوبے کو مالی مشکلات سے دوچار کردیا ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے آنے والی حکومت کو 80 سے سو ارب روپے کے اضافی اخراجات کے لئے انتظامات کرنا ہوں گے، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اقتدار میں آکر باچاخان خپل روزگار سکیم کی طرح ہنرمند روزگار سکیم کا اجراء کرکے بے روزگار
نوجوانوں کو 2سے دس لاکھ تک بلاسود قرضے دیں گے، انہوں نے کہاکہ کپتان نے تبدیلی کے نام پر سادہ پختونوں کو دھوکہ دیا، انصاف ، میرٹ ،روزگار اورکرپشن کے خاتمے کے دعویداروں نے پختونوں سے جھوٹے دعوے کئے ان کاکہناتھاکہ اب دوبارہ نئے وعدے وعید اور دعوؤں سے پختونوں کو ورغلا رہے ہیں لیکن پختون قوم جاگ گئی ہے اور اب وہ 25جولائی کو اپنے ووٹ کی طاقت سے نام نہاد تبدیلی والوں سے بدلہ لیں گے۔