کراچی (این این آئی)معروف نعت خواں و مذہبی رہنما جنید جمشید نے آئندہ کسی بھی خاتون کے ساتھ سیلفی نہ لینے کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان صوفیہ مرزا نے جنید جمشید سے پروگرام کے اختتام ایک سیلفی کی فرمائش کی جس پر جنید جمشید نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’’نفرت ہوگئی ہے مجھے ان سیلفیوں سے ٗ جتنا ذلیل مجھے سیلفیوں نے کیا ہے اتنا کسی اور چیز نے نہیں‘‘۔جنید جمشید کے انکار کے بعد صوفیہ مرزا کی طرف سے سیلفی کی پرزور فرمائش کی گئی اور بتایا گیا کہ یہ ان کے پروگرام کا حصہ ہے کہ وہ جس کا انٹرویو کرتے ہیں اس کی سیلفی ضرور لیتے ہیں ۔ میزبان کی جانب سے توجیح پیش کیے جانے کے بعد جنید جمشید نے کہا کہ ’’ میں اعلان کر رہا ہوں کہ یہ میری زندگی کی کسی خاتون کے ساتھ آخری سیلفی ہے۔ اگر لوگ اس کے بعد کسی خاتون کے ساتھ میری سیلفی دیکھیں تو وہ میں نے نہیں لی ہوگی بلکہ فوٹو شاپ پر بنائی گئی ہوگی، صوفیہ مرزا میری بہت اچھی دوست ہیں جبکہ ان کا کام بھی مجھے بے حد پسند ہے اس لیے میں ان کے ساتھ سیلفی لے رہا ہوں اس کے بعد کسی خاتون کے ساتھ سیلفی نہیں لوں گا۔