ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ میں اپنے بے باک کرداروں کی وجہ سے مشہور عمران ہاشمی اب مصنف بن گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق عمران ہاشمی کی جانب سے کتاب لکھنے کا مقصد کینسر کے مریضوں اور ان کے ورثا کو اس مرض اور اس کے علاج کے بارے میں ممکن حد تک آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ان کی کتاب ان دنوں کا احاطہ کرے گی جب ان کا اکلوتا بیٹا ایان کینسر کے موذی مرض سے لڑ رہا تھا اور وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ اس کے ساتھ تھے۔عمران ہاشمی اپنی کتاب میں کینسر کے علاج کے طریقوں اور اس دوران مریض کی خوراک کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کریں گے، اس سلسلے میں انہوں نے ناصرف سائنسی تحقیق کی ہے بلکہ کئی کتابوں کے بھارتی مصنف سید حسین زیدی سے بھی رہنمائی حاصل کی ہے۔واضح رہے کہ عمران ہاشی کا بیٹا ایان 2 برس قبل کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگیا تھا تاہم امریکا میں علاج کے بعد اب وہ رو بصحت ہے۔