لاہور (نیوز ڈیسک)گلوکارہ رابی پیرزادہ نے کہا ہے کہ میں اس ملک کی باعزت شہری ہوں اور تمام ملکی قوانین کی پاسداری کرنے کے ساتھ ٹیکس بھی ادا کرتی ہوں ، تمام ڈاکومنٹس مکمل ہونے کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی سمیرا امبرین میرا پارلر ڈی سیل کرنے میں حیلے بہانے کر رہی ہیں ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیر کے روز پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے میرے پارلر کو سیل کیے جانے اور وہاں پر خواتین سٹاف کے ساتھ مرد اہلکاروں کی بدتمیزی حکومتی مشینری کی بدمعاشی کا کھلا ثبوت ہے ۔ میں نے ایک ماہ قبل پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ٹیکس کے حوالے سے درخواست دے رکھی تھی مگر اس کے باوجود بغیر کسی نوٹس کے میرے پارلر کو سیل کر دیا گیا اور وہاں موجود خواتین سٹاف کے ساتھ مرد اہلکاروں نے بدتمیزی کرنے کے ساتھ بیہودہ الفاظ بھی استعمال کیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں نے تمام ڈاکومنٹس مکمل کر لیے ہیں اور میرے وکیل نے تمام ڈاکومنٹس متعلقہ آفس میں جمع بھی کروا دیئے مگر اس کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی سمیرا امبرین حیلے بہانوں سے کام لے رہی ہیں ، میں کسی صورت بھی کسی کو بھتہ نہیں دوں گی ۔ رابی پیرزادہ نے کہا کہ میں اس ملک کی باعزت شہری ہوں اور تمام ملکی قوانین کی پاسداری کرنے کے ساتھ ٹیکس بھی ادا کرتی ہوں ۔ اس طرح کے غیر قانونی اقدامات سے حکومتی ساکھ خراب ہوتی ہے ۔ اگر تمام ڈاکومنٹس مکمل ہونے کے باوجود میرا پارلر کو ڈی سیل نہ کیا گیا تو میں پریس کانفرنس کر کے تمام حقائق میڈیا کے سامنے پیش کروں گی ۔