اسلام آباد (نیوز ڈیسک)واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر آزمانا شروع کر دیا ہے جو گروپ چیٹس کے استعمال کو پہلے سے زیادہ آسان اور مؤثر بنا دے گا۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر صارفین کو سہولت دے گا کہ وہ گروپ میں موجود تمام افراد کو ایک ہی وقت میں مینشن کر سکیں۔ اس کے لیے “@everyone” کا استعمال کیا جائے گا، جس سے ہر ممبر کو نوٹیفکیشن ملے گا، چاہے اس نے چیٹ میوٹ ہی کیوں نہ کر رکھی ہو۔
فی الحال گروپ میں ہر فرد کو الگ الگ مینشن کرنا پڑتا ہے، جس میں وقت بھی لگتا ہے اور بعض اوقات چند نام چھوٹ بھی جاتے ہیں۔ نئے فیچر سے یہ مشکل ختم ہو جائے گی اور بڑے گروپس یا کمیونٹیز میں اہم اپ ڈیٹس بیک وقت سب تک پہنچانا ممکن ہوگا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ سہولت صرف ایڈمن تک محدود نہیں رہے گی بلکہ کوئی بھی گروپ ممبر سب کو ٹیگ کر سکے گا، البتہ ایڈمنز کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ چاہیں تو اس فیچر کو محدود کر سکیں۔یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے، جبکہ اس کے عام صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔