چین(مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو بیشتر اسمارٹ فونز میں بیک کیمروں پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے مگر اب ایسا اسمارٹ فون متعارف ہونے والا ہے جس کا سیلفی کیمرا ہی اس کی جان ثابت ہوگا۔ چینی کمپنی ویوو نے رواں ماہ ایک نیا فون ویوو وی 15 پرو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس میں پوپ اپ سیلفی کیمرا دیا جائے گا۔ اور اس سیلفی کیمرے میں اتنے زیادہ میگا پکسلز دیئے جارہے ہیں۔
جو بیشتر اسمارٹ فونز کے بیک کیمروں یا ڈوئل کیمرا سیٹ اپ میں بھی نہیں ہوتے۔ ویوو وی 15 پرو میں 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا جارہا ہے اور ابھی زیادہ تر اسمارٹ فون بیک کیمروں میں 12 میگا پکسل دیئے جاتے ہیں جو کہ وی 15 پرو کے سیلفی کیمرے سے بہت زیادہ کم طاقتور ہوتے ہیں۔ درحقیقت کمپنی کا تو دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا پہلا 32 میگا پکسل سیلفی کیمرے سے لیس اسمارٹ فون ہے۔ ویوو وی 15 پرو کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا جائے گا جس میں مرکزی کیمرہ 48 میگا پکسلز سے لیس ہوگا جبکہ سیکنڈری لینس 8 میگا پکسل اور تیسرا 5 میگا پکسل کا ڈیپتھ کیمرا ہوگا جو کہ پورٹریٹ موڈ کو بہتر بنانے مں مدد دے گا۔ خیال رہے کہ میگا پکسلز زیادہ ہونا اچھی تصاویر کی ضمانت نہیں ہوتا، اس سے ہٹ کر دیگر عناصر جیسے سافٹ وئیر، کیمرے کے پرزے کا معیار بھی تصویر کے معیار کا تعین کرتے ہیں۔ ویوو وی 15 پرو 20 فروری کو پیش کیا جائے گا، یعنی اسی دن جب سام سنگ کی جانب سے نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 سیریز کو متعارف کرایا جائے گا۔ ویسے چینی کمپنی نے فون کو پیش کرنے سے پہلے ہی اس کی جھلک ایک یوٹیوب ویڈیو میں پیش کردی ہے۔