نیویارک.(نیوزڈیسک)زمین پر ہزاروں سال پرانی اور عجیب و غریب اشکال کی تصاویر ناسا نے جاری کر دیں۔ پراسرار اشکال نے ناسا کے سائنس دانوں کو بھی حیرت میں ڈال رکھا ہے۔ یہ تصاویر ناسا کے سائنس دانوں نے قازقستان میں چار سو تیس میل کی بلندی سے لی ہیں۔ تصاویر میں وسیع و عریض کھلے اور چٹیل میدان اور کئی ٹیلے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ یہ پراسرار اشکال جیومیٹری کی اشکال مربع، دائرے اور متوازی لکیروں سے ملتی جلتی ہیں ۔ ناسا سائنس دانوں کے مطابق تصویر میں نظر آنے والی اشکال کا حجم اتنا بڑا ہے کہ ان میں فٹبال کے کئی میدان سما سکتے ہیں۔ ان عجیب و غریب اشکال کو صرف سیٹلایٹ سے ہی دیکھا جاسکتا ہے۔سائنس دانوں کا خیال ہے کہ زمین پر موجود یہ شکلیں آٹھ ہزار سال پرانی ہیں۔ ناسا کے ایک سینئرسائنس دان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسی غیر معمولی چیز پہلے کبھی نہیں دیکھی۔