اسلام آباد(نیوز ڈیسک)کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے کی بورڈ شارٹ کٹس کے استعمال سے تیزی سے کام مکمل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ تیز ہوتے ہیں اور انہیں یاد رکھنا بھی آسان ہوتا ہے۔ تاہم بدقسمتی سے زیادہ تر کمپیوٹر استعمال کرنے والے افراد بنیادی شارٹ کٹس سے بھی ناواقف ہوتے ہیں۔ یہاں ہم آپ کو دس ایسے شارٹ کٹس بتارہے ہیں جن سے آپ کو تیزی سے کام کرنے میں مدد ملے گی۔
ونڈوز کی + 1،2،3۔۔۔9
ان شارٹ کٹس کو ٹاسک بار پر موجود منی مائز ہوئی ایپس کو تیزی سے استعمال کرنے میں مدد ملتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر گوگل کروم آپ کے ٹاسک بار پر دوسرے نمبر پر موجود ہے تو آپ ونڈوز کی + 2 دبائیں گے۔ ان شارٹ کٹس کو 9 ایپس کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اس لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ شروعاتی 9 ایپس وہ ہوں جو آپ زیادہ استعمال کرتے ہوں۔
ونڈوز + ٹی
اگر آپ کو بہت ساری ونڈوز، ٹیب اور ایپس کھول کر رکھنے کی عادت ہے تو یہ شارٹ کٹ آپ ہی کے لیے بنا ہے۔ یہ شارٹ کٹ ٹاسک بار پر پہلے سے کھلی ہوئی ونڈوز کا تھمبنیل کھول دیتا ہے جس سے آپ باآسانی ونڈوز کے درمیان سوئچ کرسکتے ہیں۔ اپنی مطلوبہ ونڈوز تک پہنچنے تک ونڈوز + ٹی دبائیں اور پھر اینٹر کا بٹن دبادیں۔
ونڈوز + ایل
اگر آپ عوامی مقامات پر کمپیوٹر کا استعمال کرتے ہیں یا پھر اپنی پرائیوسی یا سیکیورٹی کو لے کر فکرمند ہیں تو ونڈوز + ایل کا استعمال کریں جس سے آپ کا کمپیوٹر فوری طور پر لاک ہوجاتا ہے اور آپ کو لاگ ان اسکرین تک لے جاتا ہے۔
ہوم اور اینڈ کی
یہ دونوں بٹنز زیادہ تر کمپیوٹر استعمال کرنے والے نظر انداز کردیتے ہیں تاہم یہ آپ کو تیزی سے کام ختم کرنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں۔ ‘ہوم’ کی سے آپ کسی بھی پیج کے شروع میں پہنچ جاتے ہیں جبکہ ‘اینڈ’ سے آپ اس کے اختتام پر پہنچ سکتے ہیں۔ یہ دونوں بٹن مائیکروسافٹ ورڈ استعمال کرتے ہوئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
ایف 2
اسے استعمال کرنا انتہائی آسان ہے تاہم یہ کم ہی استعمال کی جاتی ہے۔ کسی بھی فائل یا فولڈر کو اس سے آسان طریقے سے ری نیم نہیں کیا جاسکتا۔ آپ بس کرنا یہ ہے کہ کسی بھی فائل یا فولڈر کو منتخب کرکے ایف 2 کا بٹن دبادیں اور اپنا مطلوبہ نام رکھ دیں۔
ایف 3
اکثر ہمیں کسی فائل کو ڈھونڈنے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں خصوصا تب جب فولڈر میں بہت زیادہ فائلز ہوں۔ یہاں ایف 3 کا بٹن کام آتا ہے۔ اس بٹن کو دبانے سے سرچ باکس فوری طور پر کھل جاتا ہے جس کے ذریعے آپ اپنی کوئی بھی فائل باآسانی ڈھونڈ سکتے ہیں۔
ونڈوز + ہوم
ونڈوز اور ہوم کیز کو ایک ساتھ دبانے سے ایکٹیو ونڈو کے علاوہ تمام ونڈوز ایک ساتھ منی مائز ہوجاتی ہیں۔ یہ شارٹ کٹ خصوصا اس وقت کام آتا ہے جب آپ بہت ساری ونڈوز پر ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔
کنٹرول + بیک اسپیس
ان دونوں بٹنز کے ایک ساتھ استعمال سے ایک لیٹر کے بجائے پورا لفظ ڈیلیٹ ہوتا ہے۔ ایم ایس ورڈ پر کام کرتے ہوئے یہ شارٹ کٹ مفید ثابت ہوسکتا ہے اور آپ کے بیش قیمتی وقت کو بھی بچاسکتا ہے۔
شفٹ + ڈیلیٹ
ان دونوں کیز کو ایک ساتھ دبانے سے فائلز مستقل طور پر ڈیلیٹ ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کوئی شخص آپ کی جانب سے ڈیلیٹ کردہ فائلز تک رسائی حاصل نہ کرسکے تو اس شارٹ کٹ کا استعمال کریں۔
کنٹرول + شفٹ + اسکیپ
ونڈوز ایکس پی استعمال کرنے والے کنٹرول + آلٹرنیٹ + ڈیلیٹ کے شارٹ کٹ سے واقف ہوں گے کیوں کہ اس شارٹ کٹ کا استعمال بہت کیا جاتا تھا۔ جب بھی کمپیوٹر رک جاتا یا پھر فوری طور پر ری اسٹارٹ کرنا ہوتا تو اس شارٹ کٹ سے ٹاسک مینیجر کھل جاتا تھا۔ ونڈوز کی نئے ورڑنز میں اس کے بجائے ونڈوز سیکیورٹی اسکرین کھل جاتی ہے تاہم کنٹرول + شفٹ + اسکیپ سے آپ کو براہ راست ٹاسک مینیجر تک رسائی مل جاتی ہے۔
تیزی سے کام مکمل کرنے میں مدد دینے والے ونڈوز شاٹ کٹس
19
ستمبر 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں