بیجنگ(نیوز ڈیسک)”کھودا سر نکلی سوئی “،چینی ڈاکٹر وں نے 46سال تک شدید سرد رد میں مبتلا رہنے والی عورت کی کھوپڑی کے اگلے حصے سے سوئی نکال کر اس کی جان سردرد سے گلو خلاصی کردی۔ایک چینی طبی جریدے کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبہ انہوئی میں ایک عورت کوگزشتہ 46سالوں سے شدید سرد رد کی شکایت تھی۔ڈاکٹر وں نے کامیاب تشخیص کے ذریعے بالآخر اس عمر بھررہنے والے سرد رد کی کھوج لگاہی لیا اور کھوپڑی کے اگلے حصے سے 4.6سینٹی میٹرلمبی سوئی نکال کر مریضہ کی عمر بھر کے عذاب سے جان گلو خلاصی کردی۔48سالہ عورت لائی یو(فرضی نام )نے میڈیا کو بتایاکہ وہ گزشتہ 46سالوں سے مسلسل سرد رد میں مبتلا تھیں۔عورت کا کہناہے کہ جب کبھی بارش ہوتی یا موسم ابر آلود ہوتا تو سردرد میں شدت آتی۔درد کے دوران ایسے محسوس ہوتا تھا کہ جیسے سوئی سے کوئی کھوپڑی میں چھید کررہا ہو۔لی یو نے بتایاکہ اس نے بار ہا ڈاکٹروں کو اپنی تکلیف سے آگاہ کیا لیکن ہمیشہ کی طرح سر درد کی ادویات دے کر رخصت کیا جاتا تھا جس سے افاقہ نہیں ہوتا تھا۔اب کی بار درد میں انتہائی شدت کے بعد گزشتہ ماہ مقامی ہسپتال میں طبی معائنہ کرایا۔ڈاکٹرز نے سر کے سی ٹی سکین کے بعد انکشاف کیا کہ کھوپڑی کے اگلے بائیں حصے میں تقریباً 4.6سینٹی میٹرز لمبی سوئی موجود ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق سوئی سر میں بچپن کے زمانے میں چھبی ہے جو وقت گزرنے کیساتھ ساتھ کھوپڑی کی ہڈی کا حصہ بن گئی۔ڈاکٹروں نے مستقبل میں مزید پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے دماغ کی سرجری کے بعد سوئی نکال دی جس کے بعد عورت کو سر درد سے نجات مل گئی ہے۔سچ کہتے ہیں کبھی نہ پہنچنے سے دیر سے پہنچنا بہتر ہے۔