لندن(نیوز ڈیسک) انسان کی اب تک معلومہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک بحر میں ایک ساتھ تین سمندری طوفان دیکھے گئے ہیں۔ناسا اوربین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود خلانوردوں کے مطابق بحرالکاہل میں میکسکو سے ہوائی تک اگناشیو، کائلو اور جائمینا نامی سمندری طوفان ایک ساتھ دیکھے گئے ہیں جن کی شدت کا درجہ 3 یا اس سے زیادہ ہے جو بذاتِ خود ایک ریکارڈ ہے اور بڑی تباہی پھیلا سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ایک ہی مقام پر ایک ساتھ 3 سمندری طوفان اس سال طاقتور ایل نینو کی وجہ سے وجود میں آئے ہیں جو بحرالکاہل میں بننے والی گرم سمندری لہروں کے اس عمل کو کہتے ہیں جو شدید بارش اور طوفان کی وجہ بنتی ہے، تینوں طوفانوں میں سے اگناشیو ہوائی ساحلوں کو تھوڑا بہت متاثر کرسکتا ہے جب کہ جائمینا کا طوفان سب سے زیادہ طاقتور رہا جسے شدت کے لحاظ سے درجہ 4 دیا جاسکتا ہے اور 140 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق بحرالکاہل میں درجہ حرارت کی غیر معمولی تبدیلی سے ہی یہ سمندری طوفان وجود میں آئے ہیں۔