اسلام آباد (نیوز ڈیسک )امریکی خلائی تحقیقی ادارہ ناسا مریخ پر بھیجے جانے والے نئے خلائی جہاز کی آزمائش آج کرے گا۔ناسا کی جانب سے اس قسم کا یہ دوسرا تجربہ ہوگا جو بحرالکاہل پر کیا جائے گا ، تجربے کے دوران ہیلیم گیس سے بھرے غبارے کے ذریعے اڑن طشتری نما جہاز کو ایک لاکھ 20ہزار فٹ کی بلندی تک لے جایا جائے گا ، جس کے بعد اسے ایک راکٹ کے ذریعے ایک لاکھ 80ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچایا جائے گا، جس کے بعد اس کی زمین پر انتہائی اسپیڈ کے ساتھ واپسی ہوگی، واپسی کی یہ رفتار آواز سے 3گنا زیادہ ہوگی ، تجربے کا مقصد سرخ سیارے مریخ پر جہاز اتارنے کے دوران پیراشوٹ کی مدد سے اس کی رفتار کو کم رکھنا ہے، اس اڑن طشتری نما خلائی گاڑی کا نام لو ڈینسٹی سپرسونک ڈی سیلیٹر’ایل ڈی ایس ڈی‘ ہے ، پہلے تجربے کے دوران تما م آلات نے صحیح کام کیا تھا تاہم پیراشوٹ مکمل طور پر کھلنے میں ناکام رہا تھا، ناسا نے امید ظاہر کی ہے کہ اس تجربے کی مدد سے مستقبل میں مریخ پر وزنی جہاز اتارنے میں مدد ملے گی۔