اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان میں تھری جی اورفور جی ٹیکنالوجی کی آمد کے بعد موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور بالخصوص سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کا استعمال بہت زیادہ کیا جا رہا ہے۔ مشہور سوشل میڈیا ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے حال ہی میں وائس کال فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد سکائپ اور دیگر سروسز کی نسبت واٹس ایپ کے استعمال میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یوفون نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے جو اس کے صارفین کیلئے یقینا ایک بری خبر ہے۔ذرائع کے مطابق یوفون نے اپنے 3G نیٹ ورک پر واٹس ایپلی کے ذریعے کی جانے والی کال کو مخصوص ڈیٹا بنڈلز سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے الگ سے پیسے چارج کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ یو فون کے فیصلے کے مطابق اب واٹس ایپ کے ذریعے کی جانے والی کالز پر پہلے ایم بی کیلئے 20 روپے چارج کئے جائیں گے اور اس کے بعد 19MB فری دیئے جائیں گے جو یوفون کا ریگولر انٹرنیٹ ریٹ ہے۔ کمپنی نے نہ صرف اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا ہے بلکہ صارفین کو واٹس ایپ پر پیغامات کے ذریعے اس فیصلے سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ڈیٹا بنڈل کے تحت ہی واٹس ایپ کالز کی جاتی تھیں اور کوئی اضافی چارجز کا اطلاق نہیں ہوتا تھا تاہم اس فیصلے نے یوفون صارفین میں مایوسی پھیلا دی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موجود موبائل آپریٹرز کی جانب سے پہلے ہی مہنگے داموں انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے اور اب یوفون کی جانب سے ایسا فیصلہ کسی طور درست نہیں ہے کیونکہ بہت سے لوگ واٹس ایپ پر کالنگ فیچر استعمال کرنے سے محروم ہو جائیں گے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں