اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) اگر آپ کی کار کے سائلنسر سے انسانی صحت اور ماحول کے لیے انتہائی خطرناک دھوئیں کی بجائے صاف پانی نکلنا شروع ہو جائے جو پینے کے بھی قابل ہو تو آپ کیا محسوس کریں گے؟ یہ یقینا عجیب لگے گا لیکن اب یہ ایک حقیقت ہے کیونکہ گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی ٹیوٹا نے ہائیڈروجن گیس سے چلنے والی کار ایجاد کر لی ہے جسے ٹیوٹا میرائی(Mirai) کا نام دیا گیا ہے، جاپانی زبان میں میرائی کے معنی مستقبل کے ہیں۔اس کار میں آپ کو پٹرول کی جگہ ہائیڈروجن گیس بھروانی ہو گی جو دنیا میں سب سے زیادہ پایا جانے والا عنصر ہے۔ کار میں لگا فیول سیل اس میں بھروائی جانے والی ہائیڈروجن گیس اور ہوا میں موجود آکسیجن کا ایسا کیمیکل ری ایکشن کرتا ہے جس سے بجلی پیدا ہونے لگتی ہے جو گاڑی کو چلنے میں مدد دیتی ہے، اور اس کے نتیجے میں گاڑی کے سائلنسر سے صاف و شفاف پانی کا اخراج ہوتا ہے۔یہ کار 111میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے، اس سے قبل جتنی بھی بجلی سے چلنے والی کاریں ایجاد ہوئیں ان میں ایک نقص تھا کہ بار بار ری چارج کرنی پڑتی تھیں۔ ٹیوٹا میرائی میں اس نقص کو دور کردیا گیا ہے، یہ کار ایک بار ٹینک بھروانے سے 300کلومیٹر سفر کرسکتی ہے۔اس کا کاربن فائبر سے بنا ٹینک صرف 10منٹ میں بھرا جا سکتا ہے۔جب بھی ہائیڈروجن کو ٹرانسپورٹ ذرائع میں استعمال کرنے کی بات آتی ہے تو آتشزدگی کے واقعات فوری ذہن میں آتے ہیں، 1937ئ میں نیو جرسی میں ہائیڈروجن کی وجہ سے ایک ہوائی جہاز آتشزدگی کا شکار ہو گیا تھا۔ لیکن اطمینان رکھیں اس کار میں اس خطرے کو بھی ممکنہ حد تک کم کر دیا گیا ہے کیونکہ اس میں جو فیول ٹینک استعمال کیے گئے ہیں وہ بلٹ پروف ہیںجو کسی بھی حادثے میں نہیں پھٹتے۔
یہ کار سال کے آخر میں مارکیٹ میں دستیاب ہو گی اور اس کی قیمت 63ہزارپاﺅنڈ(تقریباًایک کروڑ روپے) ہو گی۔اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آپ اس میں ہائیڈروجن گیس بھروائیں گے کہاں سے؟ تو سنیے کہ برطانیہ میں اس وقت 12ہائیڈروجن پمپ موجود ہیں، 2020ءتک برطانوی حکومت نے ان سٹیشنز کی تعداد 65کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ اسی طرح دنیا کے چند دیگر ممالک میں بھی ہائیڈروجن سٹیشن موجود ہیں اور ان کی حکومتیں بھی ان کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ جاپان اور کیلیفورنیا کی حکومتیں تو ہائیڈروجن کار خریدنے والوں کو بھاری سبسڈی دے رہی ہیں، جاپان میں 17ہزار پاﺅنڈ جبکہ کیلیفورنیا 8ہزار پاﺅنڈ سبسڈی دی جارہی ہے۔
ٹیوٹا : ہوا سے چلنے والی گاڑی ایجاد
11
مئی 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں