اسلام آباد (نیوز ڈیسک )مائیکروسافٹ نے اب ایپل اور سام سنگ کے مقابلے میں اپنے بہترین اسمارٹ فونز متعارف کرانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا۔عام طور پر مائیکروسافٹ کی طرف کم لاگت کے اسمارٹ فونز لومیا برانڈ کے تحت سامنے آتے ہیں مگر اب اس کمپنی نے آئی فون سکس اور گلیکسی ایس سکس ایج کے مقابلے میں 2 ڈیوائسز لانے کا فیصلہ کیا ہے جو چند ماہ میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ان اسمارٹ فونز کو سٹی مین اور ٹاک مین کے نام دیئے جاسکتے ہیں، جبکہ ان کی اسکرینیں 5.7 انچ اور 5.5 انچ تک ہوسکتی ہیں۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ سٹی مین نامی موبائل کوالکوم اوکٹا کور پروسیسر، تھری جی بی ریم اور 32 جی بی میموری جیسے فیچرز سے لیس ہوسکتا ہے۔علاوہ ازیں اس ڈیوائس میں 20 میگا پکسل رئیر کیمرہ اور 5 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ ہوگا۔اس کے مقابلے میں ٹاک مین موبائل میں ہیکسا کور کوالکوم پروسیسر ہوگا تاہم اس میں فون میموری اور کیمرہ سٹی مین جتنی ہی ہوگی۔خیال رہے کہ آئی فون سکس کی اسکرین 4.6 انچ جبکہ آئی فون سکس پلس کی 5.5 انچ ہے، جبکہ ان دونوں کا رئیر کیمرہ 8 میگا پکسلز اور فرنٹ کیمرہ 1.2 میگا پکسل کا ہے۔رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ اپنے یہ نئے اسمارٹ فونز ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم ریلیز ہونے کے بعد متعارف کرائے گی۔