اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) متحدہ عرب امارات نے 2020 میں مریخ پر مشن بھیجنے کا اعلان کیا ہے جو اس سیارے کے ماحول اور آب و ہوا کا مشاہدہ کرے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اس منصوبے سے منسلک سائنسدانوں نے بتایا کہ عرب دنیا کے اپنی نوعیت کے اس پہلے مشن کو ہوپ یعنی امید کا نام دیا گیا ہے۔ کار کی جسامت اور وزن کے برابر یہ مشن ایک لاکھ 26 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 7 سے 9 ماہ تک کے سفر کے بعد مریخ کے مدار میں داخل ہوجائے گا۔مریخ کی سطح پر اترنے کے بجائے وہاں کے ماحول اور فضا کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد دے گا۔ یہ مشن مریخ کی فضا میں ہونے والی تبدیلیوں کا ریکارڈ بھی مرتب کرے گا۔تقریب سے خطاب کے دوران متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور موجودہ وزیراعظم شیخ محمد نے کہا کہ مریخ کی جانب بھیجے جانے والے مشن پر کام کرنے والا تمام عملہ متحدہ عرب امارات کے مقامی باشندوں پر مشتمل ہے، یہ مشن درحقیقت عرب دنیا کے لیے ایک امید کی حیثیت رکھتا ہے، جو عرب دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ وہ چاہیں تو خود کو بہتر کرسکتے ہیں۔