اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کے پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔
اس مرتبہ نمایاں پوزیشنز کے لیے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں پہلی پوزیشن تین طلبہ نے مشترکہ طور پر حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن بھی دو امیدواروں کے نام رہی۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری کالجوں میں محنتی طلبہ، قابل اساتذہ اور بہتر تعلیمی ماحول کی بدولت ہر سال بورڈ امتحانات میں نمایاں نتائج سامنے آتے ہیں، جو ان اداروں کے تعلیمی نظام کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پری انجینئرنگ گروپ میں آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کی کارکردگی خصوصی طور پر قابل ذکر رہی، جہاں کے چار طلبہ نے پہلی تین پوزیشنز میں جگہ بنائی۔
پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ
چیئرمین انٹربورڈ کے مطابق پہلی پوزیشن تین امیدواروں نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے محمد سعد عادل ولد فرحان عادل رفیع اور عبداللہ جمال ولد جمال ناصر جبکہ بحریہ کالج کارساز کی طالبہ عائشہ راشد بنت محمد راشد نصیر نے 1100 میں سے 1006 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
دوسری پوزیشن بھی آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالبعلم محمد احمد رضا ولد عبدالرحمن نے حاصل کی، جنہوں نے 1005 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ حاصل کیا۔
تیسری پوزیشن پر دہلی گورنمنٹ کالج کے حافظ عبدالرافع طارق ولد طارق محبوب اور آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے انس جاوید ولد عابد جاوید آرائیں مشترکہ طور پر کامیاب رہے۔ دونوں امیدواروں نے 1004، 1004 نمبر حاصل کیے اور اے ون گریڈ حاصل کیا۔
کامیابی کا تناسب 55 فیصد سے زائد
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سالانہ امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 18 ہزار 464 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے 18 ہزار 14 طلبہ امتحانات میں شریک ہوئے۔
ان میں سے 9 ہزار 922 امیدوار کامیاب قرار پائے، جس کے بعد مجموعی کامیابی کا تناسب 55.08 فیصد رہا۔ کامیاب امیدواروں میں 980 نے اے ون، 1781 نے اے، 2198 نے بی، 2659 نے سی، 2029 نے ڈی جبکہ 216 امیدواروں نے ای گریڈ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ 59 امیدوار صرف پاس قرار پائے۔
نتائج آن لائن دستیاب
انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ طلبہ اپنے نتائج آن لائن چیک کرسکتے ہیں جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی اینڈرائڈ ایپ کے ذریعے بھی نتیجہ دیکھا جاسکتا ہے۔
طلبہ گوگل پلے اسٹور پر BIEK سرچ کرکے بورڈ کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ انسٹال کرسکتے ہیں اور اپنے امتحانی نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔



















































