اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سوارا بھاسکر نے فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے مبینہ واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ڈائریکٹر نے نشے کی حالت میں رات گئے ان کے کمرے کے دروازے پر دستک دی اور انہیں گلے ملنے پر اصرار کیا۔
بھارتی اداکارہ نے یہ واقعہ ریئلٹی شو ’رائز اینڈ فال‘ کے دوسرے سیزن کی ایک حالیہ قسط میں بیان کیا، جہاں وہ بطور کنٹسٹنٹ شریک ہیں۔ سوارا کے مطابق اس تجربے نے انہیں شدید خوف اور بے چینی میں مبتلا کردیا تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ یہ واقعہ فلم ’تنو ویڈز منو‘ کی کامیابی کے کچھ عرصے بعد پیش آیا۔ ان کے بقول یہ ان کی پہلی بڑی فلم تھی جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا اور اس کی شوٹنگ تقریباً 56 دن تک جاری رہنی تھی۔سوارا کے مطابق ابتدا میں مذکورہ ڈائریکٹر نے ان سے کہا کہ ہدایت کاروں کو اپنے اداکاروں سے محبت ہونی چاہیے۔ بعد میں وہ اداکارہ کی خوبصورتی سے متعلق شاعرانہ نوعیت کے پیغامات بھیجنے لگا،
جن کا انہوں نے مہذب انداز میں جواب دیا۔اداکارہ نے بتایا کہ فلم کے ایک رومانوی منظر کی ریہرسل کے دوران ڈائریکٹر نے انہیں ہدایت کار کے ساتھ اکیلے سین کی مشق کرنے کو کہا، تاہم انہوں نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اداکار اور کیمرہ مین کو بھی موجود ہونا چاہیے تاکہ ریہرسل سب کے سامنے کی جائے۔سوارا کے مطابق کچھ دیر بعد انہیں معلوم ہوا کہ ڈائریکٹر اور کیمرہ مین شراب نوشی کررہے تھے۔ اداکارہ نے کہا کہ اس وقت وہ عمر کے ابتدائی بیس برسوں میں تھیں اور ان کے لیے دو نشے میں موجود مردوں کے ساتھ اکیلے ریہرسل کرنا ایک غیر محفوظ صورتحال محسوس ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ صورتحال سے خوفزدہ ہونے کے بعد وہ وہاں سے جلدی نکل گئیں۔
سوارا کے دعوے کے مطابق بعد میں یہی ڈائریکٹر رات کے وقت ان کے کمرے کے دروازے پر آتا رہا اور انہیں گلے ملنے کے لیے کہتا رہا۔سوارا بھاسکر نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2009 میں ’مدھو لال کیپ واکنگ‘ سے کیا، تاہم 2011 کی فلم ’تنو ویڈز منو‘ میں معاون کردار کے بعد انہیں زیادہ شہرت ملی۔ بعد ازاں وہ ’رنجھنا‘، ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘، ’پریم رتن دھن پایو‘ اور ’ویرے دی ویڈنگ‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کرتی نظر آئیں۔اداکارہ نے 2023 میں سیاست دان فہد احمد سے شادی کی، دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام رابعہ ہے۔ ’رائز اینڈ فال‘ کے دوسرے سیزن کی میزبانی سابق بھارتی اوپننگ بیٹر وریندر سہواگ کررہے ہیں۔



















































