اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے اسلام آباد اور راولپنڈی کو بند کرنے سے متعلق خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شہروں کو بند کرنے کا نہ کوئی فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور ملک بھر میں احتجاجی سرگرمیاں بھی مکمل طور پر پرامن انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مختلف قومی شاہراہوں پر احتجاج ضرور کیا جا رہا ہے، تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی میں ایسی کوئی سرگرمی نہیں ہوگی جس سے دونوں شہروں کی آمدورفت متاثر ہو۔اسلم غوری نے پاکستان آنے والے ترکیہ اور سعودی عرب کے معزز وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد ملک کے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔ جے یو آئی نہیں چاہتی کہ اس کے احتجاج کی وجہ سے کسی سفارتی سرگرمی یا عمل میں خلل پیدا ہو۔ان کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ بین الاقوامی وفود کی آمد اور پاکستان کے سفارتی تشخص کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
جماعت یہ بھی نہیں چاہتی کہ غیر ملکی مہمانوں کی موجودگی میں پاکستان کے بارے میں کوئی منفی تاثر قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اپنے جمہوری اور پرامن احتجاج کے حق سے دستبردار نہیں ہوئی، تاہم قومی مفاد اور سفارتی روایات کا احترام بھی ضروری سمجھتی ہے۔دوسری جانب ترجمان نے پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات اور چکدرہ میں مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔ اسلم غوری کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے، لیکن حکومت اس حق کو تسلیم کرنے کے بجائے طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے مظاہرین پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کی شیلنگ اور گرفتاریوں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اسلم غوری نے مطالبہ کیا کہ احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال فوری طور پر روکا جائے اور گرفتار کیے گئے تمام افراد کو رہا کیا جائے۔



















































