اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے آبائی شہر کے کنٹونمنٹ علاقے میں ایک پیزا آؤٹ لیٹ کا افتتاح کیا، تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ یہ پیزا ہٹ کی اصل برانچ نہیں بلکہ ایک نقلی آؤٹ لیٹ ہے۔ واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد پیزا ہٹ پاکستان نے اس برانچ سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔پیزا ہٹ پاکستان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ سیالکوٹ کینٹ میں قائم یہ آؤٹ لیٹ غیر قانونی ہے اور پیزا ہٹ کے نام اور برانڈ کا غلط استعمال کر رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس آؤٹ لیٹ کا نہ تو پیزا ہٹ پاکستان سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی یہ Yum! Brands سے منسلک ہے۔
بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ مذکورہ آؤٹ لیٹ پیزا ہٹ انٹرنیشنل کی ترکیبوں، معیار، فوڈ سیفٹی اصولوں اور آپریشنل ضوابط کی پیروی نہیں کرتا۔ کمپنی نے کہا کہ اپنے ٹریڈ مارک کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لیے متعلقہ اداروں کو باضابطہ شکایت درج کرا دی گئی ہے تاکہ فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔پیزا ہٹ پاکستان کے مطابق اس وقت ملک بھر میں اس کے کل 16 مستند آؤٹ لیٹس کام کر رہے ہیں، جن میں سے 14 لاہور جبکہ 2 اسلام آباد میں واقع ہیں۔
View this post on Instagram















































