لاہور( این این آئی)دریائے کابل پر سیلاب کے خدشے کے باعث ، فیڈرل فلڈ کمیشن نے الرٹ جاری کردیا۔ فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے کابل اور معاون ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ہے ، 21 سے 24 جنوری کے دوران طاقتور مغربی سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔22 اور 23 جنوری کو دریائے کابل میں پانی کے بہا ئومیں اضافے کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا ہ اور کشمیر میں بارش اور برفباری، فلیش فلڈ کا خطرہ ہے ۔
سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ سمیت متعدد اضلاع الرٹ جاری کردیا گیا ۔ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ۔ انسانی جانوں اور سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ۔محکمہ آبپاشی اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ۔ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ فیڈرل فلڈ کمیشن نے صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کا اعلان کر دیا۔















































