اسلام آباد (این این آئی)نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو ساتھی ججز کی جانب سے مبارکباد دی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کرکے مبارک باد پیش کی ہے، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق دونوں ججز میں ملاقات چیف جسٹس چیمبر میں ہوئی،اس موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو مبارک باد پیش کی۔ذرائع کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی نے مقدمات کی سماعت کے بعد چیف جسٹس سے دوسری ملاقات بھی کی، ذرائع کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی جسٹس منصور علی شاہ کے چمبر میں بھی گئے۔
دریں اثنا نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ان کے چیمبر میں جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید نے ملاقات کی، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید نے نامزد چیف جسٹس کو مبارکباد پیش کی جبکہ نامزد چیف جسٹس یحیی آفریدی کو ان کے چمبر کے عملے نے بھی مبارک باد دی۔