اسلام آباد(این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غیر منقولہ جائیداد کی قیمتوں میں 75 فیصد تک اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ملک بھر کی غیر منقولہ جائیداد کی نئی قیمتوں کا تعین کرلیا گیا ہے اور آج جمعہ کو پراپرٹی کی نئی ویلیوایشن کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک کے 42 بڑے شہروں کی جائیداد کی قیمتوں کا تعین کر لیاگیا ہے اور نظرثانی شدہ نئی قیمتوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ایف بی آر نے غیر منقولہ جائیدا د کی قیمتوں میں 75 فیصد تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جائیداد کی قیمتوں کا تعین فیئر مارکیٹ ویلیو اور جگہ کے مطابق کیاگیا ہے اور اگلے مرحلے میں مزید 15 شہروں کی غیر منقولہ جائیداد کی نئی قیمتوں کو بھی فہرست میں شامل کیاجائیگا۔حکام کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب نے بھی ایف بی آر کو 10 اکتوبر تک جائیداد کی نئی قیمتوں کے تعین کی ہدایت کی تھی۔واضح رہے اس سے پہلے ایف بی آر نے 13ستمبر 2022کو غیر منقولہ جائیداد کی نئی قیمتوں کی فہرست جاری کی تھی۔