اسلام آباد(این این آئی) وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات پر پولیس اور رینجرز تاحال موجود ہیں جب کہ ریڈ زون میں پاک فوج کا گشت بھی جاری ہے۔اسلام آباد میں جناح ایونیو، ڈی چوک سمیت دیگر اہم مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کی نفری موجود ہے۔ ڈی چوک ،جناح ایونیو،بلیو ایریا میں صورتحال سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کے کنٹرول میں ہے۔جناح ایونیو، چائنا چوک ، ڈی چوک میں پولیس و رینجرز کی نفری تاحال موجود ہے۔
اسی دوران پاک فوج کے دستوں کی جانب سے ریڈ زون کی حدود میں گشت بھی کیا گیا۔ قبل ازیں پولیس احتجاج کے اسلام آباد آنے والے مظاہرین کو جناح ایونیو اور اطراف کے علاقوں سے باہر نکالنے میں کامیاب ہو گئی تھی جبکہ جناح ایونیو، ڈی چوک ، چائنا چوک سے سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔اسی اثنا میں اسلام آباد پولیس نے جناح ایونیو، ڈی چوک اور آبپارہ میں فلیگ مارچ کیا جب کہ رات گئے تک مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈ زون کے تمام داخلی راستے بھی بند تھے۔
اسی طرح سرینہ چوک، نادرہ چوک، ڈی چوک پر کنٹینرز موجود ہیں۔دوسری جانب زیرو پوائنٹ ،فیض آباد، ایکسپریس وے کے مقامات سے کنٹینرز ہٹا دیے گئے ہیں اور ٹریفک کو بحال کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، جس کے تناظر میں غیر ملکی وفود کی پاکستان آمد جاری ہے، اس تناظر میں وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جا رہا ہے۔