اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران شہر کے کئی مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کے بعد خیبرپختونخوا سے پاک فوج کے دستے انتشار پسندوں کے عقب میں تعینات کردیے گئے۔
ذرائع کے مطابق کسی بھی قسم کی شر انگیزی سے نمٹنے کیلئے پاک فوج تعینات کی گئی ہے۔ذرائع کا بتانا تھا کہ پاک فوج کی تعیناتی سے انتشاریوں اور مسلح جتھوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ تعیناتی کا مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں تھیں۔