لاہور(این این آئی) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے جس کے زیراثر مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ مون سون بارشوں کا یہ اسپیل 15 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ دریائے سندھ ،چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دریاؤں، ندی اور نالوں کی غیر ضروری کراسنگ سے گریز کریں۔ بجلی کے تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔