جیکب آباد (این این آئی) جیکب آباد میں نوسرباز خواتین مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین کے گھر سے 40 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا لوٹ کر فرار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کی حدود دستگیر کالونی میں 2 نوسر باز خواتین مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد حسن لاشاری کے گھر میں داخل ہوکر گھر میں موجود خواتین سے دھوکا دہی کرکے 40 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا لیکر فرار ہوگئیں،
اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد حسن لاشاری نے بتایا کہ 2 نوسر باز خواتین گھر میں داخل ہوئیں اور خواتین کو ہیپناٹائز کرکے نیم بے ہوش کردیا اور گھر میں موجود 16 تولا سے زائد سونا لیکر فرار ہوگئیں، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر واقع کی تفصیلات لیں تاہم نوسرباز خواتین کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔