راولپنڈی (این این آئی) منیجر پتریاٹہ چیئر لفٹ اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں سیاحتی مقامات 24 مئی سے کھل جائیں گے جس کے بعد مری میں بھی پتریاٹہ چیئر لفٹ کو بھی عوام کیلئے کھول دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں عید سے قبل تمام سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جس کے بعد پتریاٹہ چیئر لفٹ کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر شیخ منیر،محمد اشرف،فہیم انور،وقاص انور،
راجہ شوکت موجود تھے۔ایک بیان میں منیجر پتریاٹہ چیئر لفٹ اعجاز بٹ نے کہا کہ تاہم تمام سیاحوں کیلئے کورونا سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کے بارے میں حتمی فیصلہ بھی حکومتی احکامات کی روشنی میں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پتریاٹہ چیئر لفٹ میں ایک وسیع کھلا علاقہ موجود ہے اور اس کی تمام سرگرمی کھلی فضا میں کی جاتی ہے لہٰذا کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد آسان ہے۔