اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پنشنرز کو جی پی فنڈ کی فوری فراہمی — اے جی پنجاب آفس میں فاسٹ ٹریک سیل کا قیامریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو ان کا جنرل پروویڈنٹ فنڈ بروقت مل سکے، اس مقصد کے لیے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کے دفتر میں خصوصی فاسٹ ٹریک سیل قائم کر دیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور نے نئے سیل کا باضابطہ افتتاح کیا۔تقریب میں اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نعمانہ گل رخ اور اے جی آفس کے دیگر افسران کے ساتھ ساتھ 2025ء میں ریٹائر ہونے والے مختلف محکموں کے ملازمین بھی شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد رضا سرور نے کہا کہ اس سیل کی بدولت ریٹائرڈ اہلکاروں کو اپنے فنڈ کے حصول کے لیے دفتروں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت کا مقصد ہے کہ ملازمین اپنی پوری سروس کے بعد عزت اور سہولت کے ساتھ اپنے حقوق حاصل کریں۔اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نعمانہ گل رخ کا کہنا تھا کہ اس نئے نظام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور ملازمین کا سالانہ ڈیٹا خودکار طریقے سے اپ ڈیٹ ہوتا رہے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ریٹائرمنٹ کے وقت صرف فائل جمع کروا کر جی پی فنڈ کی ادائیگی آسانی سے ممکن ہوگی۔ اگر کسی ملازم کو کسی مسئلے کا سامنا ہو تو ان کا دفتر ہر وقت معاونت کے لیے تیار ہے۔تقریب کے اختتام پر مختلف محکموں سے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرئی شیٹس بھی دی گئیں۔















































