اسلام آباد (این این آئی)موسمیاتی ماہرین نے ملک میں 18سے20دسمبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ موجودہ وقت میں زیادہ تر ماڈلز اس بات پر متفق ہیں کہ 18سے 20دسمبر 2025ء کے دوران مغربی سلسلہ پاکستان میں داخل ہو سکتا ہے جس سے ملک میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ ایک طویل المدت پیشگوئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں تبدیلی آ سکتی ہے، ہم ان تمام موسمیاتی تبدیلیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور آپ کو بر وقت آگاہ کرتے رہیں گے۔
دوسر ی جانب بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال پر محکمہ موسمیات نے پری الرٹ ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق صوبے کے مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں بارشوں کی کمی مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور خشک سالی کی صورتحال میں مزید شدت آنے کی توقع ہے۔ایڈوائرزی کے مطابق اس سال مئی تا نومبر مغربی اور جنوب مغربی علاقوں میں بارشوں کی کمی مزید شدت اختیار کر گئی ،بارش نہ ہونے سے ان علاقوں میں مسلسل خشک دنوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے ۔رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں فروری 2026ء تک درجہ حرارت معمول سے زیادہ اور بارش معمول سے کم ہونے کا امکان ہے ۔















































