لاہور (این این آئی) ڈیفنس میں چند روز قبل پاکستانی نژاد بیلجیم کی شہری مائرہ ذوالفقار کے قتل کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقدمے کے مرکزی ملزم نے پولیس کو اہم بیان دے دیا۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن نے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والی مائرہ ذوالفقار کے مقدمہ کی تفتیش سی آئی اے پولیس کو سونپ دی، اس مقدمے کے دوسرے نامزد ملزم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے 14 روز کی حفاظتی ضمانت لی ہے جس کی روشنی میں پولیس ملزم کو 20 مئی تک گرفتار نہیں کرسکتی۔مائرہ ذوالفقارکے قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم سعد امیر بٹ پولیس کے سامنے پیش ہوگیا، ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ میں نے مائرہ ذوالفقار کو قتل نہیں کیا، مائرہ سے دوستی ضرور تھی لیکن کافی عرصہ سے ملاقات نہیں کی۔اس حوالے سے ایس ایس پی سی آئی اے شعیب خرم جانباز کا کہنا ہے کہ جلد مائرہ ذوالفقار کے قاتل کو گرفتار کرلیں گے، مرکزی ملزم سعد سے مزید تفتیش جاری ہے۔